اہم خبریں

پاکستان وفد بھیجنے کا فی الحال کوئی پلان نہیں ،ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

تہران (اے بی این نیوز)ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ پاکستان وفد بھیجنے کا فی الحال کوئی پلان نہیں۔

ایک بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اس وقت جوہری معاملے پر بات چیت نہیں کر رہا، جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک فریم ورک پر پہنچ گئے ہیں، لیکن کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ بالکل قریب ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ممکنہ ایم او یو میں آبنائے ہرمز کے انتظام کے بارے میں کوئی خاص تفصیلات نہیں، آبنائے ہرمز کا انتظام ساحلی ممالک کا حق ہے، ایران آبنائے ہرمز پر ٹول نہیں لے گا۔

اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اور امریکی جارحیت سے پہلے آبنائے ہرمز کھلی تھی۔

انہوں نے کہا کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ ممکنہ معاہدے کا حصہ ہو گا۔

اس سے قبل امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے آج معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔

دورۂ بھارت کے بعد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ اُمید تھی کہ رات معاہدے سے متعلق کوئی خبر ملے، ممکن ہے یہ آج ہو جائے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایران سے معاہدے سے متعلق زیادہ قیاس آرائیاں نہیں کرنی چاہئیں، یا تو ہمارا ایک اچھا معاہدہ ہو گا یا پھر ہمیں اس مسئلے سے کسی اور طرح نمٹنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں: عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

متعلقہ خبریں