اہم خبریں

عید سے قبل مہنگائی کا جھٹکا،برائلر گوشت مہنگا

لاہور (اے بی این نیوز) بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دوران عوام کو ایک اور جھٹکا لگا ہے جہاں برائلر گوشت کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نئی قیمتوں کے بعد شہریوں پر اضافی مالی دباؤ کا خدشہ ہے جب کہ مختلف علاقوں میں سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت میں 7 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا جس کے بعد سرکاری ریٹ 468 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح زندہ برائلر چکن کا ہول سیل ریٹ 309 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل ریٹ 323 روپے فی کلو جاری کیا گیا ہے۔

دوسری جانب مختلف علاقوں میں سرکاری نرخوں پر عمل درآمد نہ ہونے کی شکایات بدستور برقرار ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض دکاندار صافی گوشت کے نام پر برائلر گوشت 590 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے صارفین کو اضافی مالی بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔

ادھر فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی ایک روپے فی درجن کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد انڈے 238 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہے ہیں، انڈوں کے ایک کارٹن کی ہول سیل قیمت 7020 روپے مقرر کی گئی ہے۔

شہریوں نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ ادارے اوور چارجنگ کے خلاف موثر کارروائی کریں اور سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں‌:عید پر زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع

متعلقہ خبریں