اہم خبریں

مسلم کانفرنس اور متحدہ علماء کونسل کا بڑا انتخابی اتحاد، سردار عتیق احمد خان کا اہم اعلان

اسلام آباد (رضوان عباسی )آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور متحدہ علماء کونسل کے درمیان آئندہ انتخابات کے لیے باضابطہ انتخابی اتحاد کا اعلان کر دیا گیا۔

اس اتحاد کا اعلان نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس سے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اور متحدہ علماء کونسل کے چیئرمین مفتی محمد وسیم رضا نے خطاب کیا۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کی سیاسی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں اور مسلم کانفرنس کی کوشش تھی کہ آئندہ انتخابات زیادہ بہتر حکمت عملی اور تیاری کے ساتھ لڑے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے سے جماعت کو مشکلات کا سامنا تھا، جس کے باعث انتخابی اتحاد کی ضرورت محسوس کی گئی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ متحدہ علماء کونسل اور مسلم کانفرنس کے درمیان مکمل انتخابی اتحاد طے پا چکا ہے اور جموں، وادی کشمیر اور مہاجرین کے حلقوں میں مشترکہ طور پر انتخابات لڑے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے سیاسی و پارلیمانی مستقبل کے تناظر میں یہ اتحاد نہایت اہمیت کا حامل ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کی خوبصورت مثال ہے اور مسلم کانفرنس نے ہمیشہ اسلامی تشخص، ختم نبوتؐ اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے کردار ادا کیا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ختم نبوتؐ کے حوالے سے آزاد کشمیر اسمبلی نے 1973 میں تاریخی اقدام اٹھایا تھا، جسے عالم اسلام میں قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ نے ہمیشہ ختم نبوتؐ اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی اسٹیبلشمنٹ نے آزاد کشمیر میں انتخابات کروائے، کبھی دھاندلی نہیں ہوئی۔

مہاجرین کے ووٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مہاجرین تحریک آزادی کشمیر کا اہم سیاسی اور پارلیمانی حصہ ہیں اور انہیں ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی سوچ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے مہاجرین کشمیر کی نمائندگی کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی تھی اور مہاجرین کے حلقے تحریک آزادی کشمیر کی حقیقی آواز ہیں۔

متحدہ علماء کونسل کے چیئرمین مفتی محمد وسیم رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء و مشائخ نے تحریک پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیا اور آج بھی ناموسِ رسالتؐ، اسلامی تشخص، مدارس، مساجد، خانقاہوں اور مزارات کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں اتحاد، برداشت اور جمہوری اقدار کے فروغ کی ضرورت ہے، جبکہ علماء و مشائخ آئندہ انتخابات میں مسلم کانفرنس کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

مفتی محمد وسیم رضا نے کہا کہ اہل سنت والجماعت کی مختلف جماعتیں، خانقاہیں اور مذہبی شخصیات اس انتخابی اتحاد کا حصہ بن رہی ہیں، جس سے آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک نئی صف بندی سامنے آئی ہے .
مزید پڑھیں‌:وزیراعظم کا دورہ چین،جانیے اہم تفصیلات

متعلقہ خبریں