اہم خبریں

ایران سے بجلی درآمد کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آگئی

اسلام آباد(رضوان عباسی )خطے کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر توانائی کے شعبے میں پاکستان نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایران سے اضافی بجلی درآمد کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی درخواست پر ایران سے اضافی 100 میگاواٹ بجلی خریدنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ اقدام ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور سرحدی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایران سے اضافی 100 میگاواٹ بجلی خریدنے کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ نیپرا نے موجودہ 104 میگاواٹ بجلی فراہمی کے ٹیرف کی منظوری بھی دی ہے اور فیصلہ نوٹیفکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔

نیپرا کے مطابق ایرانی سپلائرز کو ادائیگی امریکی ڈالرز میں کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ ٹیرف کو اوپیک کے خام تیل کی باسکٹ قیمت سے منسلک کیا گیا ہے۔

مزید برآں اضافی 100 میگاواٹ بجلی کے لیے ماہانہ ڈیڑھ کروڑ کلوواٹ آور کی ٹیک آر پی شق بھی منظور کر لی گئی ہے۔ نیپرا نے ایران سے بجلی فراہمی کے معاہدے میں ترامیم نمبر 7، 8 اور 9 کی بھی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ایران سے بجلی درآمد کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں ایرانی کمپنی توانیر سے موجودہ 104 میگاواٹ کے لیے ٹیرف کی منظوری اور اضافی 100 میگاواٹ بجلی کی درآمد کے لیے ٹیرف کی منظوری طلب کی گئی تھی۔

درخواست میں معاہدے کی ترامیم نمبر 7، 8 اور 9 بھی شامل تھیں جن میں بجلی کی فراہمی اور ٹیرف ڈھانچے میں تبدیلیوں کی تفصیلات فراہم کی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں‌:مارکیٹس کے اوقات کار سےمتعلق بڑی خوشخبری

متعلقہ خبریں