اہم خبریں

معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل،مسلح افواج کے سربراہان نے قوم کو مبارک باد دی

راولپنڈی (‌اے بی این نیوز)‌معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے قوم اور افواج کو مبارک باد دی گئی ہے۔اس حوالے سے جاری ہونے والے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جانے والا یہ دن پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور اتحاد کاثبوت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج ہمیشہ پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ ہیں اور قوم سے لازوال رشتے کوجذبہ خدمت کےساتھ فخر سے نبھا رہی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ معرکہ حق قوم کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل بن گیا ہے، معرکہ حق قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کی عکاسی کرتا ہے، معرکہ حق کی کامیابی نے قومی اعتماد کو مضبوط کیا اور پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر بھی اُجاگر کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق معرکہ حق کی کامیابی نے اجاگر کیا کہ پاکستان مؤثر دفاعی صلاحیتوں کا حامل ہے، معرکہ حق کے دوران پاکستان کےمؤثر ردعمل نے دشمن کی سازشوں کو بے نقاب کیا، دشمن کے فالس فلیگ کے جھوٹے بیانیےاورپروپیگنڈے کوبے نقاب کیا اور دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی اٹھانا پڑی۔بیان میں کہا گیا کہ پراکسی دہشت گردی سمیت روایتی اور ہائبرڈ چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود، مسلح افواج نے اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، مسلح افواج نے زمینی، فضائی،بحری، سائبر اور معلوماتی ڈومینز میں اعلیٰ آپریشنل صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق معرکہ حق کے بعد پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرتے مکمل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کو تقویت دی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات اور بین الاقوامی قانون اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، معرکہ حق میں کامیابی مسلح افواج کی تیاری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، اس کامیابی نے مسلح افواج پر عوام کے اعتماد کو فیصلہ کن طور پر مضبوط کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پُرعزم اور ثابت قدم ہے۔
مزید پڑھیں‌:بڑا سیاسی دھچکا، پیپلزپارٹی کی اہم رہنما مسلم لیگ ن میں شامل

متعلقہ خبریں