لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران باغات میں عارضی مکینیکل جھولوں کی تنصیب اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
ترجمان پی ایچ اے کے مطابق تفریحی باغات میں مستقل بنیادوں پر نصب مکینیکل جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ ضلعی ہارٹی کلچر ایجنسیوں کو اس ضمن میں سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مستقل نصب جھولوں کے مالکان یا آپریٹرز کو حفاظتی معیار پر پورا اترنے کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لینا ہوگا، جبکہ ضلعی ایجنسیاں اس بات کی تصدیق کریں گی کہ تمام جھولے حفاظتی پروٹوکولز پر عمل کر رہے ہیں۔
پی ایچ اے کے مطابق یہ ہدایات محکمہ داخلہ پنجاب کے حکم پر جاری کی گئی ہیں اور ان کا اطلاق صوبے بھر کی تمام ضلعی ہارٹی کلچر ایجنسیوں پر ہوگا۔
ڈی جی پی ایچ اے راجا منصور احمد نے کہا ہے کہ عید کے دوران پی ایچ اے کا عملہ ڈیوٹی پر موجود رہے گا اور شہریوں کو محفوظ اور بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
مزید پڑھیں:بڑا بریک تھرو،ایران امریکا بات چیت میں اہم موڑ















