اسلام آباد(اے بی این نیوز)تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں مارکی کو ڈی سیل کروانے کی ایک انوکھی اور مشکوک کوشش اس وقت ناکام بنا دی گئی جب ایک شخص نے خود کو حساس ترین ادارے کا اعلیٰ افسر ظاہر کر کے انتظامیہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایک نامعلوم کالر کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کو فون کال موصول ہوئی، جس میں اس نے خود کو ایک حساس ادارے کا سینئر افسر ظاہر کیا اور مارکی کو فوری طور پر ڈی سیل کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے معاملے کو فوری طور پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے نوٹس میں لایا اور کال کرنے والے سے رابطہ برقرار رکھتے ہوئے معاملے کو آگے بڑھایا۔ بعد ازاں حکمت عملی کے تحت کالر سے کہا گیا کہ وہ اپنا نمائندہ بھیجے تاکہ باضابطہ تحریری کارروائی مکمل کی جا سکے۔
کچھ دیر بعد ع۔ر نامی شخص بطور نمائندہ موقع پر پہنچا، تاہم پہلے سے الرٹ پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا اور تھانہ شہزاد ٹاؤن منتقل کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم جعلی طور پر حساس ادارے کا افسر بن کر انتظامی دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا تھا۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ کال کرنے والے اصل شخص کا سراغ لگایا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انتظامیہ کی بروقت حکمت عملی کے باعث ایک ممکنہ غیر قانونی دباؤ کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
مزید پڑھیں: اے جی پی (AGP) لمیٹڈ کا ویاگرا دوا کی تیاری اور مارکیٹنگ کا اعلان















