اہم خبریں

منی بجٹ کی منظوری ، صدر مملکت نےپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج طلب کرلیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک)منی بجٹ کی منظوری کیلئے وزیراعظم نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سفارشات بھجوادی ہیں۔ صدر مملکت کے آرڈیننس پر دستخط سے انکار کے بعد حکومت نے منی بجٹ ضمنی فنانس بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کروانے کا فیصلہ کیا جس کیلئے ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی منظوری دے دی۔صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے منی بجٹ کیلئے صدارتی آرڈیننس پر دستخط سے انکار کے بعد حکومت نے منی بجٹ آرڈیننس کے ذریعے نہ لانے اور ضمنی فنانس بل قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلا کر منظوری کیلئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے فنانس بل کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد اسے منظوری کیلیے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، جس کے لیے اجلاس پندرہ فروری کو طلب کرلیا گیا ہے۔اسمبلی میں ضمنی فنانس بل کی منظوری کے فیصلے کے پیش نظر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

وزیر خزانہ کی پریس کانفرنس رات 9:25 پر شیڈول تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فنانس بل پہلے قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کو بھجوایا جائے گا، قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹیاں بل پرسفارشات دیں گی، قواعد کے مطابق کمیٹیوں کی سفارشات پر عمل درآمد کرنا یا نہ کرنا پارلیمنٹ کی صوابدید ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح تک دونوں ایوانوں کی کمیٹیوں سے فنانس بل کی منظوری کا امکان ہے، جمعرات کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سےفنانس بل کی منظوری دی جائےگی .

جمعرات کی شام کو ہی بل صدر مملکت کو دستخط کیلئے بھجوا دیا جائےگا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 54 ون کے تحت منی بجٹ کی منظوری کیلئے قومی اسمبلی اجلاس پندرہ فروری کی دوپہر ساڑھے تین جبکہ سینیٹ کا اجلاس ساڑھے چار بجے بلانے کی منظوری دے دی۔ وزیر خزانہ پہلے قومی اسمبلی میں منی بجٹ پیش کرینگے پھر سینیٹ میں پیش کریں گے اور پھر اُسے منظوری کیلیے فوری طور پر صدر مملکت کو بھیجا جائے گا۔

متعلقہ خبریں