اسلام آباد: (رضوان عباسی) وزیراعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم یہ دورہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر کریں گے۔ پاکستان کو موخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی کی سہولت میں توسیع یا اضافے سے متعلق امور بھی زیرِ غور آئیں گے، ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور پاکستان کے لیے ممکنہ مالی تعاون سمیت مختلف اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ رواں ہفتے کے دوران ہونے کا امکان ہے۔ دورے کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، خطے میں قیامِ امن اور کشیدگی میں کمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے لیے سعودی عرب کی جانب سے اضافی مالی سہولت فراہم کرنے کے امکانات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو موخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی کی سہولت میں توسیع یا اضافے سے متعلق امور بھی زیرِ غور آ سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سفارتی اور تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو متوقع ہے۔
اس کے علاوہ ملاقات میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات اور ان کے آئندہ لائحۂ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مستقل جنگ بندی کے امکانات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس دورے کے دوران بھی علاقائی صورتحال پر قریبی مشاورت کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے اعلان کے بعد تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ















