اہم خبریں

جے یو آئی نے جمعہ کو ہونے والا ملک گیر احتجاج موخر کردیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز)امریکہ ایران مذاکرات کے پیشِ نظر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے ملک گیر احتجاج مؤخرکر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے اہم امن مذاکرات اور عالمی مہمانوں کی آمد کے پیشِ نظر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے جمعہ کے روز ہونے والے اپنے ملک گیر احتجاجی مظاہرے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام لے کر ایک اعلیٰ سطح کا حکومتی وفد مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچا، جس میں وفاقی وزیر محسن نقوی، رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری شامل تھے۔

وفد نے وزیراعظم کی جانب سے جے یو آئی کو عالمی سفارتی سرگرمیوں کے باعث احتجاج ملتوی کرنے کی درخواست کی۔

ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر عوامی بے چینی سے حکومتی وفد کو آگاہ کیا، جس پر حکومتی ارکان نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ چند روز میں پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی جائے گی۔

مشاورت کے بعد جے یو آئی نے جمعہ کے مظاہرے مؤخر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اب 12 اپریل 2026 کو مردان میں بڑا جلسہ عام ہوگا، جہاں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ جے یو آئی کی جانب سے ملک اور عالمِ اسلام کے لیے امن و سلامتی کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا ہیلتھ ٹیک شعبہ تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن،جدید طبی نظام کی تشکیل میں نمایاں پیشرفت

متعلقہ خبریں