اسلام آباد (اوصاف نیوز) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے جنگ بندی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے امریکی اور ایرانی وفود کو 10 اپریل کو اسلام آباد آنے کی دعوت دے دی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق فریقین کی جانب سے جنگ بندی پر اتفاق ہونے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں انتہائی عاجزی کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ لبنان اور دیگر جگہوں پر فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس پرجوش اقدام کا خیرمقدم کرتا ہوں اور دونوں ممالک کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور فریقین کے وفود کو 10 اپریل 2026 بروز جمعہ اسلام آباد آنے کی دعوت دیتا ہوں تاکہ تمام تنازعات کے حل اور کسی حتمی معاہدے تک پہنچ سکیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ فریقین نے شاندار دانشمندی اور فہم و فراست کا مظاہرہ کیا ہے اور امن و استحکام کے مقصد کو آگے بڑھانے میں تعمیری طور پر مصروف عمل ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ’اسلام آباد مذاکرات‘ دیرپا امن کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔ ہم مزید اچھی چیزیں بانٹنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان نے امریکی صدر سے درخواست کی تھی کہ سفارت کاری کو موقع دینے کے لیے ایران پر حملے کی ڈیڈ لائن میں 2 ہفتے کی توسیع کی جائے۔ انہوں نے ایران سے آبنائے ہرمز کو 2 ہفتوں کے لیے کھولنے کی درخواست بھی کی تھی جس پر فریقین نے اتفاق کیا ہے۔
مزید پڑھیں:ایران کا جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز سب کیلئے کھولنےکا اعلان















