پشاور (اے بی این نیوز) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ 6 اپریل سے 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ حالیہ بارشوں نے صوبے میں جانی و مالی نقصان بڑھا دیا ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے اعداد و شمار کے مطابق، 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 47 افراد جاں بحق جبکہ 117 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق، گزشتہ چار روز کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 21 افراد جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 27 بچے، 13 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 45 مرد، 21 خواتین اور 51 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث اب تک 652 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 554 گھروں کو جزوی جبکہ 98 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔ یہ واقعات صوبے کے مختلف اضلاع بنوں، ایبٹ آباد، مردان، باجوڑ، ہنگو، مہمند، کوہاٹ، شمالی وزیرستان، پشاور، خیبر، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، لکی مروت، شانگلہ، بٹگرام، لوئر کوہستان، مانسہرہ، طورغر، سوات، اپر دیر، چارسدہ، بونیر، مالاکنڈ، لوئر دیر، اورکزئی، جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں پیش آئے۔
اعلامیے کے مطابق، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ متاثرہ اضلاع کو امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت جاری کی ہے کہ امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے اور متاثرہ افراد کو بروقت مدد فراہم کی جائے۔
ادھر محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، جبکہ ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ہدایات پر عمل کریں۔
مزید پڑھیں:‘شوہر کو گردہ دو یا پھر 30 لاکھ روپے’ ، سسرالیوں کی بہو سے جہیز کی مانگ نے سب کو حیران کردیا،مقدمہ درج















