لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس بارش سے متاثر ہوا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر راولپنڈی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
راولپنڈی نے مقررہ 20 اوورز میں 156 رنز بنائے اور اسلام آباد کو 157 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 15ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے سمیر منہاس نے 36 گیندوں پر 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، حیدر علی 26 اور مارک چیپ مین 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
راولپنڈی کے محمد عامر، جلالت خان اور راشد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل راولپنڈی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کامران غلام کی نصف سنچری اور ڈیان فورسٹر کی 44 رنز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسکور بورڈ پر 157 رنز کا ہدف دیا۔
اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف، سلمان ارشد اور گلیسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ کے نتائج کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی ہے جب کہ راولپنڈی کی ٹیم ساتویں نمبر پر ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز پہلے، لاہور قلندرز تیسرے، ملتان سلطانز چوتھے، پشاور زلمی پانچویں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھٹے اور حیدر آباد کنگز آٹھویں نمبر پر ہیں۔
مزید پڑھیں:پیٹرول کے معاملے پر وزیراعظم کی زبردست اپڈیٹ، عوام کے لیے بڑی خبر















