اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مالیاتی ذخائر سے متعلق گمراہ کن تبصروں کو مسترد کر دیا۔
اس حوالے سے دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ذخائر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں دو طرفہ تجارتی معاہدوں کے تحت رکھے گئے جو کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے دوست ملک کی بھرپور حمایت کا مظہر ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان باہمی معاہدے کے مطابق میچورنگ ڈپازٹس واپس کر رہی ہے۔ ان کی واپسی ایک عام مالی لین دین ہے۔ اسے متنازعہ بنانا غلط اور گمراہ کن ہے۔ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات گہرے اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون پر مبنی ہیں۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت تمام شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوتے گئے ہیں اور ہر گزرتے سال کے ساتھ مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔ مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کا پاکستان کے ساتھ خصوصی تعلق ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
🔊PR No.9️⃣1️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Pakistan Rejects Misleading Commentary on UAE Financial Deposits, Reaffirms Strong Partnership with UAE pic.twitter.com/0RCfCEbmea
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) April 4, 2026
طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ذرائع نے نجی ٹی وی نیوز کو بتایا تھا کہ پاکستان رواں ماہ کے آخر تک ابوظہبی کو 2 ارب ڈالر واپس کر دے گا، یہ رقم ملک کے اکاؤنٹ میں محفوظ ڈپازٹ کے طور پر موجود تھی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان اس رقم پر 6 فیصد کی شرح سے سود ادا کر رہا ہے، متحدہ عرب امارات پہلے اس رقم کو سالانہ بنیادوں پر رول اوور کر رہا تھا، دسمبر 2025 میں اس رقم کو ایک ماہ اور پھر دو ماہ کے لیے رول اوور کیا گیا۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا سے افسوسناک خبر سامنے آگئی، جانی نقصان کی اطلاعات موصول















