اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ بجلی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور توانائی کی بچت کو یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں جاری توانائی بحران صرف تیل کی سپلائی تک محدود نہیں بلکہ گیس اور فرنس آئل کی دستیابی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے جس کے باعث بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ایندھن کی دستیابی میں اتار چڑھاؤ براہ راست بجلی پیدا کرنے کی لاگت کو متاثر کرتا ہے۔ حالات ایسے ہی رہے تو بجلی کے نرخوں میں اضافہ ناگزیر ہو جائے گا۔
سردار اویس لغاری نے انکشاف کیا کہ حکومت قومی توانائی کے نظام پر دباؤ کم کرنے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے، مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کے اوقات کار میں تبدیلی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے عوام اور تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور توانائی کی بچت کو یقینی بنائیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ وفاقی حکومت شہریوں پر مزید مالی بوجھ نہ ڈالنے اور توانائی کے اس بحران کے اثرات کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیپرا پہلے ہی ناقص کارکردگی کے باعث سرکاری پاور پلانٹس پر کروڑوں روپے کے جرمانے عائد کر چکا ہے۔
حکومتی حکام توانائی کے شعبے میں استحکام کے لیے آئندہ چند روز میں صوبوں سے مشاورت مکمل کریں گے اور بجلی کے ایک یونٹ کی قیمت میں ممکنہ اضافے سے بچنے کے لیے کوئی ٹھوس راستہ تلاش کریں گے۔
مزید پڑھیں:امریکی A-10 لڑاکا طیارہ مار گرایا گیا، بڑی خبر سامنے آگئی















