فیصل آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، احتجاج کرنا ہے تو اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف کریں۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پہلے سوچا جاتا تھا کہ جنگ تین سے چار ہفتوں میں ختم ہو جائے گی، پاکستان آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدوں کی پاسداری کر رہا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے تیل کی سپلائی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں انتہائی مجبوری میں اضافہ کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ گروہ اپنے سیاسی مقاصد کے لیے احتجاج کرنا چاہتے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کی وجہ سے ہوا، حکومت کا اس میں کوئی دخل نہیں، حکومت کے خلاف کوئی احتجاج نہیں، احتجاج کرنا ہے تو اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے پوری دنیا پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کی طرف دیکھ رہی ہے، اس موقع پر سب کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں:پاسداران انقلاب نے امریکی طیارے کو تباہ کر دیا، ویڈیو سامنے















