ریاض (اے بی این نیوز) پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ ایک منفرد لمحے کی وجہ سے سرخیوں میں آگئے ہیں۔
سعودی کلب النصر کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے النجمہ کے خلاف میچ میں اہم کردار ادا کیا اور اپنی ٹیم کو 2-5 سے فتح دلائی۔
رونالڈو نے میچ کے دوران دو خوبصورت گول کیے لیکن سب سے زیادہ توجہ اس وقت مبذول ہوئی جب انہوں نے پنالٹی کک لینے سے پہلے بسم اللہ کہا۔ یہ منظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا اور صارفین کی بڑی تعداد نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔
رونالڈو نے 56ویں منٹ میں پنالٹی کے ذریعے گول کر کے میچ کو برابری کے قریب لایا جبکہ 73ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کر دیا۔
اس شاندار کارکردگی کے بعد ان کے کیریئر کے گول کی تعداد 967 تک پہنچ گئی ہے اور وہ تیزی سے 1000 گول کے تاریخی ہدف کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
Cristiano Ronaldo says “Bismillah” before scoring penalty goal! ⚽️ pic.twitter.com/IXx12I0FBm
— Muslim (@Muslim) April 3, 2026
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ رونالڈو نے اسلامی الفاظ استعمال کیے ہیں، اس سے قبل بھی ایک تقریب کے دوران انہوں نے اپنا مقصد حاصل کرنے کے لیے ’انشاء اللہ‘ کہا تھا جسے مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی ملی تھی۔
سوشل میڈیا پر بعض حلقوں کی جانب سے یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ وہ مستقبل میں اسلام قبول کر سکتے ہیں تاہم اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں:ایک دن میں 7 امریکی طیارے تباہ ہوئے یا نقصان پہنچا،ایرانی میڈیا کا دعویٰ















