اہم خبریں

پٹرول سستا ملے گا،حکومت کی نئی سکیم، جا نئے کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے

اسلام آباد(اے بی این نیوز) توانائی بحران اور مہنگائی کے بڑھتے دباؤ کے پیش نظر حکومت نے کم آمدن طبقے کو براہ راست ریلیف دینے کیلئے پیٹرول سبسڈی کا ایک نیا اور جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت موبائل ایپ کے ذریعے مستحق افراد کو رعایتی پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے تیار کردہ موبائل ایپ اس وقت آزمائشی مرحلے میں ہے اور اسے جلد ملک بھر میں لانچ کرنے کی تیاری جاری ہے۔ اس منصوبے کا مقصد سبسڈی کے نظام کو شفاف، تیز اور آسان بنانا ہے تاکہ حقیقی مستحق افراد تک فائدہ براہ راست پہنچ سکے۔

اس اسکیم میں خاص طور پر موٹر سائیکل مالکان اور رکشہ ڈرائیورز کو شامل کیا گیا ہے، جو روزمرہ آمدورفت کیلئے پیٹرول پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔ مجوزہ پلان کے مطابق ہر مستحق صارف کو ماہانہ 20 لیٹر تک سبسڈی والا پیٹرول دیا جائے گا، جس سے ان کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

ملک بھر کے تقریباً 12 ہزار پیٹرول پمپس پر خصوصی نوزلز کے ذریعے یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ ہر پیٹرول پمپ پر ڈیجیٹل سسٹم کو چلانے کیلئے دو موبائل فونز بھی فراہم کیے جائیں گے، تاکہ صارفین کے واؤچرز کو فوری طور پر ویری فائی کیا جا سکے۔

اس نظام کے تحت صارفین کو موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل واؤچرز جاری کیے جائیں گے، جنہیں مخصوص پمپس پر دکھا کر رعایتی پیٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ہر صارف کا کوٹہ شناختی کارڈ اور گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کے ساتھ منسلک ہوگا، تاکہ کسی بھی قسم کے غلط استعمال یا دھوکہ دہی کو روکا جا سکے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ جو افراد اس سبسڈی اسکیم میں شامل نہیں ہوں گے انہیں عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمت ادا کرنا ہوگی، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو اس اسکیم میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ابھی زیر غور ہے۔

مزید برآں، اس نظام کی موثر نگرانی کیلئے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے گا، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بیک اپ سسٹم بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ پیٹرول پمپس کے عملے اور صارفین کی رہنمائی کیلئے خصوصی تربیتی ویڈیوز بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ نظام کو بغیر کسی رکاوٹ کے چلایا جا سکے۔

مزید پڑھیں :امریکہ میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا اعتراف

متعلقہ خبریں