اہم خبریں

پی ایس ایل 11 کی ٹرافی شمالی علاقوں کی سیر پر،خوبصورت مناظر کی دلکش جھلکیاں

اسکردو (اے بی این نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کی ٹرافی نے ملک کے شمالی علاقوں کا رخ کر لیا، جہاں اسے قدرت کے دلفریب مناظر کے درمیان شاندار انداز میں پیش کیا گیا۔

پی ایس ایل کی انفینیٹی ٹرافی کو اسکردو کے مختلف خوبصورت مقامات پر نمائش کے لیے رکھا گیا، جس نے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کر لی۔ ٹرافی کو برف پوش پہاڑوں کے دلکش پس منظر میں اسکردو ایئرپورٹ پر پیش کیا گیا، جبکہ کچورا جھیل اور دریائے سندھ کے حسین ویو پوائنٹس پر بھی اس کی نمائش کی گئی۔

شمالی علاقہ جات کے سحر انگیز مناظر میں ٹرافی کی نمائش کا مقصد نہ صرف لیگ کو منفرد انداز میں پروموٹ کرنا ہے بلکہ پاکستان کے خوبصورت سیاحتی مقامات کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا جبکہ فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔

اس بار پی ایس ایل میں ایک اہم تبدیلی بھی دیکھنے میں آئے گی، کیونکہ پہلی مرتبہ لیگ میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ دو نئی فرنچائزز، حیدرآباد کنگز اور راولپنڈی ٹیم، بھی اس ایڈیشن کا حصہ ہوں گی، جس سے مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں‌:پاکستان کو سستا تیل دینے کی روسی پیشکش سامنے آگئی،بڑی پیش رفت

متعلقہ خبریں