احمد آباد (اے بی این نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 256 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔
فائنل میچ احمد آباد کے مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا جبکہ اختتامی اوورز میں لوئر آرڈر نے بھی دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز تک پہنچا دیا۔
بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن نے 46 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ابھیشیک شرما نے 21 گیندوں پر 52 رنز جبکہ ایشان کشن نے 25 گیندوں پر 54 رنز اسکور کیے۔ لوئر آرڈر میں شیوم دوبے نے صرف 8 گیندوں پر 28 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ مزید بڑھا دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشم نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہینری اور راچن رویندرا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے کول میک کونکی کی جگہ فاسٹ بولر جیکب ڈفی کو شامل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کے معاملے پر سرکاری اداروں کو نیا ہدایت نامہ جاری، اہم تفصیلات جانیں















