پشاور( اے بی این نیوز)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کیں اور 13 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کردیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 مارچ کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر پانچ الگ الگ آپریشن کیے، ان کارروائیوں کے دوران جھڑپوں میں فتنہ الخوارج کے 13 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے ارکان مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج مارے گئے جب کہ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 3 خوارج مارے گئے۔
محکمہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں 2 جھڑپوں میں 5 خوارج مارے گئے۔ بھارتی سرپرستی میں خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ افغان سرحد پر درپیش چیلنجز کے باوجود انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن ’اعظم استقاب‘ کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں:سی این جی اسٹیشنز بند،عوام کے لیے بڑا دھچکا، اہم تفصیلات جانیں















