دبئی (اے بی این نیوز) دبئی میں ایئر ڈیفنس آپریشن کے دوران ملبہ گرنے سے پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا۔
اماراتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کی شام پیش آنے والے واقعے میں ہلاک ہونے والا شخص پاکستانی ڈرائیور تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ دبئی کے علاقے البرشہ میں پیش آیا جہاں ایئر ڈیفنس سسٹم آپریشن کے دوران گرنے والے ملبے سے گاڑی کو نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
اماراتی حکام کے مطابق ڈرائیور کو ایک انتباہی پیغام ملا تھا جس میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم مذکورہ شخص گاڑی میں ہی موجود رہا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
دبئی میڈیا آفس نے واقعے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایئر ڈیفنس آپریشن کے دوران ملبہ گرنے سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا اور اس میں سوار ایشیائی ڈرائیور جان کی بازی ہار گیا۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہنگامی الرٹ پیغامات کو سنجیدگی سے لیں اور جانی نقصان سے بچنے کے لیے فوری طور پر قریبی عمارت یا محفوظ جگہ پر پناہ لیں۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں حالیہ حملوں کے دوران دو پاکستانیوں سمیت چار افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جس کے بعد حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:مہنگائی کا ایک اور جھٹکا، ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ















