کراچی (اے بی این نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجموعی طور پر ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم رن ریٹ کے حوالے سے کچھ میچوں میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی میں پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف میچ کے بارے میں کہا کہ یہ میچ ان کے لیے برا نہیں تھا کیونکہ آخر میں ٹیم نے اسے جیت لیا۔ کرکٹ میں ایسے حالات معمول کی بات ہے، جیسے زمبابوے نے بھی حیران کن طور پر آسٹریلیا کو شکست دی، اس لیے کسی میچ کو ٹیم کے معیار یا مقابلے کی اہمیت سے جوڑنا درست نہیں۔
جب ایک صحافی کی جانب سے بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل کے بارے میں سوال کیا گیا تو محمد رضوان نے کہا کہ معذرت، میں بھارت کا میچ نہیں دیکھتا، اس لیے اس پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔
جب ان سے کھلاڑیوں پر جرمانے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے صحافیوں کو ہلکے پھلکے انداز میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جرمانے زیادہ تر میڈیا کوریج اور رپورٹس کی وجہ سے سامنے آئے ہیں کیونکہ آپ ہی ٹیم کی کارکردگی، اچھی یا بری پر تبصرہ کرتے ہیں جس کا اثر کھلاڑیوں پر پڑتا ہے۔
محمد رضوان کی گفتگو میں ٹیم کی کارکردگی، کھیل کے غیر یقینی پہلوؤں اور میڈیا پر ہونے والی تنقید کے اثرات پر کھل کر بات ہوئی جس سے واضح ہوتا ہے کہ ٹیم کی توجہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور کھیل کے معیار کو برقرار رکھنے پر مرکوز ہے جب کہ میڈیا کی تنقید اور دباؤ سے نمٹنا بھی کرکٹ کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں:مشرق وسطیٰ کی پروازوں کے معاملے پر اہم فیصلہ سامنے آ گیا















