اہم خبریں

پیٹرول و ڈیزل مہنگا، ٹرانسپورٹ کرایوں میں ہوشربا اضافہ! جانیں نیا کرایہ کتنا؟

لاہور (اے بی این نیوز) لاہور سے اسلام آباد کا سفر 3000 روپے اور لاہور سے کراچی کا سفر 5500 روپے سے زائد ہو گا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے جس سے مختلف شہروں کے درمیان سفر 300 سے 600 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کے مطابق نئے کرایوں کے تحت لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 2600 روپے سے بڑھا کر 3000 روپے جبکہ لاہور سے پشاور کا کرایہ 2890 روپے سے بڑھا کر 3500 روپے کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح لاہور سے سرگودھا کا کرایہ 1300 روپے سے بڑھا کر 1550 روپے اور لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 1200 روپے سے بڑھا کر 1350 روپے کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی کا کرایہ 8 ہزار سے بڑھا کر 8600 روپے کر دیا گیا ہے۔

مزید برآں لاہور سے حیدر آباد کا کرایہ 8 ہزار 650 روپے سے بڑھا کر 9 ہزار 200 روپے، لاہور سے رحیم یار خان کا کرایہ 4 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار 250 روپے جبکہ لاہور سے مری کا کرایہ 2 ہزار 790 سے بڑھا کر 3 ہزار 300 روپے کر دیا گیا ہے۔

لاہور لاری سٹیشن پر مسافروں نے کرایوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوشی یا غم کے موقع پر دوسرے شہر جانا بھی اب عام آدمی کا امتحان بن گیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا موقف ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ گاڑیوں کے سپیئر پارٹس بھی مہنگے ہو گئے ہیں اس لیے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرایوں میں اضافہ نہ کیا گیا تو گاڑیاں چلانا ممکن نہیں رہے گا۔

دوسری جانب شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے بصورت دیگر مہنگائی میں مزید اضافہ عوام کی مشکلات میں اضافہ کرے گا۔
مزید پڑھیں‌:گاڑی مالکان کے لیے بڑا فیصلہ، حکومت کی نئی پالیسی نے سب کو چونکا دیا

متعلقہ خبریں