تہران ( اے بی این نیوز ) ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق بحیرۂ عرب میں موجود امریکی بحری بیڑے کے اہم جہاز ابراہم لنکن پر سمندر سے سمندر تک مار کرنے والے میزائل سے حملہ کیا گیا۔
ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی خطے میں جاری فوجی کشیدگی کے ردعمل میں کی گئی۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان کی فوج نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی جنگی طاقت کو واضح پیغام دیا ہے۔
ایرانی فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اب تک ایران نے خطے کے کسی بھی ملک کی خودمختاری کو نشانہ نہیں بنایا اور نہ ہی خطے کی عوام کو کسی قسم کا نقصان پہنچایا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران کی کارروائیاں صرف ان قوتوں کے خلاف ہیں جو خطے میں کشیدگی اور جنگ کو ہوا دے رہی ہیں۔
ایرانی فوج نے زور دے کر کہا کہ ایران امریکہ اور اسرائیل کیلئے ایک سنگین خطرہ بن سکتا ہے، تاہم خطے کے دیگر ممالک کیلئے ایران کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق ایران کی پالیسی خطے کے ممالک کے ساتھ احترام اور تعاون پر مبنی ہے۔
دوسری جانب اس حملے سے متعلق امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی برادری تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔















