اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں کے لیے 24 گھنٹے کی موسم کی پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے جب کہ بعض بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جب کہ تیز دھوپ بھی جاری رہے گی۔
شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سیلسیس ہے۔ کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں اس وقت جنوب مغرب سے تقریباً 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کے ماحول کو ہوا کے معیار کے لحاظ سے تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے اور شہر میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں۔ لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ محسوس کیا گیا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ لاہور میں اس وقت تقریباً 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تاہم فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور کا شمار ملک کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے اور مجموعی طور پر ہوا کے معیار کا انڈیکس 264 ریکارڈ کیا گیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح بلند رہی، جن میں برکی روڈ پر 580، علامہ اقبال ٹاؤن میں 422، سی آئی پی آر آفس میں 356، پی ایچ اے فائیو ایٹ میں 243 اور ڈی ایچ اے فائیو ایٹ میں 243 ہے۔
ادھر اسلام آباد میں آج موسم خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ دن کے وقت درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں دن بھر تقریباً 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی واضح امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں دن کے وقت ہلکی بارش ہوسکتی ہے جب کہ بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستانی کرکٹرز پر جرمانے کے معاملے پر عثمان خواجہ کا ردعمل سامنے آگیا















