ابوظہبی (اے بی این نیوز) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں شہریوں پر ڈرون کا ملبہ گرنے سے پاکستانی سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ اماراتی حکام کے مطابق واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
ابوظہبی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ڈرون کو فضائی دفاعی نظام سے تباہ کرنے کے بعد ملبہ دو مختلف مقامات پر شہریوں پر گرا جس سے ایک پاکستانی سمیت کم از کم 6 شہری زخمی ہوئے۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کے ملبے سے زخمی ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں معمولی سے درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں کو پھیلانے سے گریز کریں۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا تھا جس میں آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کے علاوہ وزیر دفاع، آرمی چیف، قومی سلامتی کے مشیر اور پاسداران انقلاب کے سربراہ کو شہید کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد ایران نے خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے جس میں اب تک چھ امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
مزید پڑھیں:ایران نے امریکہ کے20فوجی اڈے اڑا دیئے، جا نئے تفصیل















