سکردو (اے بی این نیوز) سکردو میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث شہر بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال نافذ ہے۔ ہزاروں افراد سڑکوں پر موجود ہیں اور جامعہ مسجد میں بڑا احتجاجی اجتماع منعقد ہوا، جس میں مقامی اور سیاسی مسائل کے خلاف شدید ردعمل دیکھا گیا۔
احتجاج کے دوران مشتعل افراد کی جانب سے اقوام متحدہ (یو این) کے دفتر کو آگ لگانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم سکردو ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کو قابو میں لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
شہر میں کشیدگی برقرار ہے اور حکام نے شہریوں سے پرامن احتجاج کی اپیل کی ہے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔ مظاہروں کے باعث کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں اور عوام کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے۔
سکیورٹی اداروں نے اضافی نفری تعینات کر دی ہے اور ہنگامی حالات کے پیش نظر شہر کے حساس علاقوں میں گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے الرٹ جاری ہے۔
مزید پڑھیں: آیت اللہ علی خامنہ ای کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے خصوصی پیغام جاری















