اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی وزیراعظم اور قطری امیر نے سعودی ولی عہد سے ٹیلی فون پر بات چیت بھی کی۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے ایران پر اسرائیلی حملے اور بعض خلیجی ممالک پر حملوں سے پیدا ہونے والی علاقائی کشیدگی کی شدید مذمت کی۔
بیان کے مطابق شہباز شریف نے موجودہ صورتحال میں سعودی قیادت کو پاکستان کی مکمل یکجہتی اور مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
بات چیت کے دوران خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان نے اپنی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہر حال میں، ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ پاکستان اس نازک موڑ پر تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے خلیجی ممالک کے رہنماؤں سے بھی رابطہ کیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے بحرین، کویت، قطر کے سربراہان اور متحدہ عرب امارات کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب کا ایران کے معاملے پر شدید ردعمل سامنے آگیا، بڑی خبر















