سیالکوٹ (اے بی این نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اپنی نجی زندگی پر گفتگو کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں شعیب ملک نے کہا کہ میری اپیل ہے کہ اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے قیاس آرائیوں اور لطیفوں کو روکیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اپنے پیغام میں شعیب ملک نے کہا کہ ان کی پہلی شادی 2023 میں ختم ہوئی اور باہمی رضامندی سے انہوں نے اپنے بچے کی پرورش ایک ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد ہی وہ دوبارہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
— Shoaib Malik 🇵🇰 (@realshoaibmalik) February 28, 2026
انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھا ہے لیکن اب ان کی خاموشی کا کچھ لوگوں نے غلط استعمال کیا ہے۔
شعیب ملک نے واضح کیا کہ ان کی موجودہ اہلیہ پر بھی بے بنیاد تنقید کی گئی جو کہ ناقابل قبول ہے کیونکہ ان کی اہلیہ ان معاملات میں ملوث نہیں تھیں۔
انہوں نے عوام اور مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی ذاتی زندگی یا کسی اور کی ذاتی زندگی کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔
شعیب ملک نے کہا کہ عوامی شخصیت ہونے کے ناطے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم پرائیویسی کی خلاف ورزی یا شہرت کو نقصان پہنچانا حد سے تجاوز ہے۔
آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کرکٹر کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر شعیب ملک کی ذاتی زندگی کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں، جس پر انہوں نے عوامی سطح پر اپنے اور اپنے خاندان کے تحفظ کے لیے سخت موقف اختیار کیا ہے۔
مزید پڑھیں:غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 200 گرفتار















