اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی کابینہ نے دس روپے کے نوٹ کی بجائے سکہ متعارف کرانے پر غور شروع کر دیا جس سے قومی خزانے کو 40 سے 50 ارب روپے کی بچت کا امکان ہے۔
وفاقی کابینہ نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی کو ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ 10 روپے کا نوٹ ختم کیا جائے یا نہیں؟
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی نے کرنسی مینجمنٹ رپورٹ کابینہ کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق دس روپے کا سکہ متعارف کرانے سے حکومت کو 40 سے 50 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ کرنسی مینجمنٹ رپورٹ اسٹیٹ بینک اور سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن قوانین کے تحت تیار کی گئی۔
آئی سی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 10 روپے کے نوٹ کی اوسط عمر صرف 6 سے 9 ماہ ہے جب کہ 10 روپے کے سکے کی اوسط عمر 20 سے 30 سال ہے۔ ملک میں ہر سال چھپنے والے کل نوٹوں میں سے تقریباً 35 فیصد 10 روپے کے نوٹ ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے سے 10 سال میں کم از کم 40 سے 50 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ کیا 10 روپے کا نوٹ ختم ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔
مزید پڑھیں:ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلہ، پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ پائیگا یا نہیں،فیصلہکل،کتنے رنز سے جیت لازمی ،جا نئے تفصیل















