اہم خبریں

پاکستان کی افغانستان میں دہشت گردوں کے 7 ٹھکانوں پر کارروائیاں

اسلام آباد(اے بی این نیوز)دہشتگردی کی پہ در پہ وارداتوں کے بعد پاکستان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، پاکستان کی جانب سے افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر جوابی کارروائی کی گئی ہے، خوارج اوردہشت گردوں کے 7 کیمپ اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

وزارت اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی، پاکستان کے پاس حتمی شواہد ہیں کہ اسلام آباد مسجد، باجوڑ اور بنوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں خوارج نے افغانستان میں قیادت اور ہینڈلرز کی ایماء پر کیں۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال بند کیا جائے، دوحا معاہدے پر عمل درآمد ناگزیر ہے، عالمی برداری کردار ادا کرے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق باجوڑ، بنوں حملوں کے پیچھے افغانستان میں موجود خوارج قیادت ہے۔

پاکستان اب دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرے گا، آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان اب دہشتگردوں کےخلاف ان کی موجودگی کے مقام سے قطع نظر بلا رعایت کارروائیاں کرے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق طالبان حکومت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال سے روکنے میں ناکام ہے۔

افغانستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر بمباری
قبل ازیں افغانستان کے صوبہ پکتیکا اور ننگرہار میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی، ذرائع کے مطابق دھماکوں سے دہشت گردوں کا انفرااسٹرکچر تباہ ہوگیا۔

افغان میڈیا کے مطابق پکتیکا میں برمل اور ارگان علاقوں پر حملے کیے، صوبہ ننگرہار کا ضلع خوگیانی، بحسود اور غنی خیل کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

حملوں سے ممکنہ طور پر ہلاک دہشتگردوں کی تعداد واضح نہیں ہوسکی۔
مزید پڑھیں: آج بروز اتوار 22 فروری 2026 چاندی کی تازہ ترین قیمت

متعلقہ خبریں