لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ اگرچہ ان کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے لیکن ان کا دل اس وقت پوری طرح پاکستان کے ساتھ دھڑک رہا ہے۔
نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مائیک ہیسن نے کہا کہ گرین شرٹ پہننا اور اپنے ہی ملک کی ٹیم کے خلاف حکمت عملی تیار کرنا ان کے لیے منفرد تجربہ ہے۔ انھوں نے اعتراف کیا کہ انھوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ اپنے ملک کے خلاف کسی اور ٹیم کی نمائندگی کریں گے لیکن وہ پیشہ ورانہ ذمہ داری کے معاملے میں اس چیلنج کے لیے تیار ہیں۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ انہوں نے سات سال نیوزی لینڈ کی کوچنگ کی اور اس دوران کئی یادگار لمحات گزرے۔ انہوں نے کہا کہ ناشتے کی میز پر پرانے اور شناسا چہروں سے ملنا ایک خوشگوار احساس تھا تاہم میدان میں وہ پاکستان کی کامیابی کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی دل سے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ہیں لیکن موجودہ ذمہ داری کے تحت ان کی تمام تر توجہ اور وفاداری پاکستان کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کا پہلا میچ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جس میں دونوں ٹیمیں اہم فتح کے لیے میدان میں اتریں گی۔
مزید پڑھیں:نمبر پلیٹس کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری، جانیں اہم تفصیلات















