اہم خبریں

خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کی بروقت کارروائی، بڑا سانحہ ٹل گیا

ڈی آئی خان (اے بی این نیوز) خیبرپختونخوا کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے شیخ یوسف کیمپ سے مبینہ خاتون خودکش بمبار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹ پر کی گئی، جس کے نتیجے میں گرفتار ملزم جس کی شناخت صرف مس زیڈ کے نام سے ہوئی ہے، کو حراست میں لے لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق وزیرستان سے ہے۔

سی ٹی ڈی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم مقتول غیر ملکی کمانڈر شاہ ولی عرف طارق کوچی کا قریبی ساتھی تھا اور اس کی نگرانی میں تربیت حاصل کر رہا تھا۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ خودکش حملے کے لیے درکار سامان اور ٹارگٹ غیر ملکی کمانڈر عاصم نے فراہم کرنا تھا۔

حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک تیس بور پستول بمعہ کارتوس، موبائل فون، ایک گولی اور حملے میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیٹا میں کالعدم تحریک سے تعلق کے شواہد ملے ہیں، جب کہ خودکش حملہ کرنے کی رضامندی کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں‌:زلزلے کے جھٹکے، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر

متعلقہ خبریں