پشاور (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت پر سیاست کرتے تو رویہ مختلف ہوتا۔
پشاور پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے عمران خان کی صحت پر پرامن دھرنا دیا، قابض لوگوں نے اس معاملے پر لاتعلقی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی صحت پر سیاست نہیں کرتے، اس معاملے پر سیاست کرتے تو رویہ مختلف ہوتا، عدالت کے دوست نے یہ بھی کہا کہ بانی کو آنکھ کا مسئلہ ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صحافت مضبوط رہے، صحافیوں کی جانب سے مثبت تنقید کا ہمیشہ خیر مقدم کرتے ہیں، پشاور کے صحافیوں نے مشکل وقت میں بھی سچ کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کال دی تو ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، وفاق ہمارا مقروض ہے، وہ ہمارا قرضہ نہیں دیتا، سب مل کر میرا ساتھ دیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ تیراہ کے متاثرین کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے گئے تو میڈیا پیچھے پڑ گیا، ایک وزیر اعلیٰ نے 11 ارب روپے کا طیارہ خریدا، قوم کا پیسہ اس طرح ضائع ہو رہا ہے تو صحافیوں کو بولنا چاہیے۔
سہیل آفریدی نے گفتگو کے دوران پشاور پریس کلب کے لیے 150 ملین روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں:ٹرمپ کی ایران کو ڈیڈ لائن،امریکی طیاروں نے پوزیشن سنبھال لیں















