بنوں (اے بی این نیوز)ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہوگئے۔ واقعے کی تصدیق (آئی ایس پی آر) نے کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو خودکش حملہ آور کی گاڑی سے متعلق خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران شدت پسندوں نے سیکیورٹی قافلے کو نشانہ بنایا اور بارود سے بھری گاڑی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔
حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزاد گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورسز کی جوابی کارروائی میں پانچ حملہ آور ہلاک بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدت پسند عناصر افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور رمضان المبارک کے دوران بھی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔
فوج کے مطابق انسداد دہشت گردی مہم عزم استحکام کے تحت پوری قوت سے جاری رہے گی اور سیکیورٹی فورسز ملک کے امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔
مزید پڑھیں:نابالغ افراد کی شادی کی ممانعت سے متعلق بل اسمبلی میں پیش















