اسلام آباد (نامہ نگار)وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے آزاد جموں و کشمیر کے وزراء کے ہمراہ اے جے کے کونسل میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کے رکن وزراء چوہدری قاسم مجید اور دیوان علی خان چغتائی کے علاوہ چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر بھی موجود تھے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے امپلیمنٹیشن کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ معاہدے کے تمام نکات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے باقاعدہ اجلاسوں کا شیڈول بھی جاری کیا جا چکا ہے، جبکہ اب تک اس حوالے سے متعدد اجلاس منعقد کیے جا چکے ہیں۔
وفاقی وزراء نے کہا کہ آج کا اجلاس امپلیمنٹیشن کمیٹی کی درخواست اور طے شدہ روٹین شیڈول کے مطابق رکھا گیا تھا، تاہم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندگان کی عدم شرکت کو افسوسناک اور بدقسمتی قرار دیا گیا۔ اس کے باوجود کشمیری عوام کے وسیع تر مفاد میں مذاکراتی عمل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پریس کانفرنس میں مزید بتایا گیا کہ مہاجرین کی واپسی سے متعلق معاملات کے حل کے لیے ایک الگ قانونی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ قانونی کمیٹی کے دو اجلاس طلب کیے گئے تاہم مکمل شرکت ممکن نہ ہو سکی، جبکہ آئندہ اجلاس 26 تاریخ کو طلب کیا گیا ہے۔
وفاقی وزراء نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نئے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کے دور میں معاہدے پر عملدرآمد کے عمل میں نمایاں تیزی آئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت معاہدے پر عملدرآمد کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور وزیر اعظم پاکستان خود اس عمل میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، جنہوں نے کشمیری عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ















