اسلام آباد (اے بی این نیوز)آزاد کشمیر میں ایک غیر متوقع سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چوہدری عنصر اقبال نے محض پانچ دن کے اندر آزاد کشمیر انویسٹمنٹ بورڈ کی چیئرمین شپ اور آزاد جموں و کشمیر بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
چوہدری عنصر اقبال نے استعفے کی وجہ حکومت کے مختصر دورانیے کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ تین سے چار ماہ کے قلیل عرصے میں مؤثر کارکردگی اور ٹھوس نتائج کی فراہمی ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی عہدے پر صرف اسی صورت کام کرنا مناسب سمجھتے ہیں جب وہاں عملی ڈیلیوری اور عوام کو واضح نتائج دیے جا سکیں۔
انہوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور ان کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انویسٹمنٹ بورڈ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد انہوں نے تمام امور کا تفصیلی جائزہ لیا، تاہم قلیل مدت میں کوئی مؤثر پالیسی یا منصوبہ عوام کے سامنے لانا ممکن نہ ہونے کے باعث ضمیر کے مطابق استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔
چوہدری عنصر اقبال نے اپنے حامیوں، دوستوں، اہلِ علاقہ اور اوورسیز کشمیریوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات کے حوالے سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ انتخابی میدان میں حصہ لینا ہے یا کسی امیدوار کی حمایت کرنی ہے۔
دوسری جانب، ان کی تقرری کے بعد سوشل میڈیا پر بعض خبریں گردش کر رہی تھیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ عنصر اقبال نے عہدہ حاصل کرنے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے.
مزید پڑھیں:پاکستان کی بھارتی آبی جارحیت کے خلاف مؤثر واٹر سیکیورٹی حکمت عملی تیار















