اہم خبریں

عمران خان کا علاج،سابق کر کٹرز میدان میں آگئے،جا نئے کیا مطالبات کئے

اسلام آباد (اے بی این نیوز)سابق پاکستانی کرکٹرز نے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی صحت کے حوالے سے آنے والی خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے مسائل کے بارے میں سن کر دل افسردہ ہوا اور امید ہے کہ متعلقہ حکام اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھیں گے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ عمران خان کی صحت اور علاج ان کا بنیادی حق ہے اور انہیں ہر صورت بہترین طبی سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بتایا کہ وہ گزشتہ تین ماہ سے امریکہ میں عمران خان کے قائم کردہ شوکتخانم میموریل کینسر اسپتال کے لیے فنڈز جمع کر رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہوئی ہے اور دعا کی کہ انہیں بہترین علاج میسر آئے اور وہ جلد صحت یاب ہوں۔

سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ عمران خان کو فوری طبی توجہ کی ضرورت ہے اور انسانیت اور قومی ہیروز کا احترام ہر چیز سے مقدم ہونا چاہیے۔وقار یونس نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر دیکھا جائے تو عمران خان ہمارے قومی ہیرو ہیں جنہوں نے کھیل کے میدان میں قوم کو عظیم خوشیاں دی ہیں اور جن کے کینسر اسپتال نے ہزاروں افراد کی مدد کی ہے، اس لیے انہیں بروقت اور مناسب علاج فراہم کیا جانا چاہیے۔

مزید پڑھیں :عمران خان کے علاج کے حوالے سے سلمان اکرم راجہ کا اہم انکشاف، جا نئے حکومت کیا کرنے جا رہی ہے

متعلقہ خبریں