اہم خبریں

ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کا شیڈول جاری

ملتان (اے بی این نیوز)ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے سیشن 2026-27 کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق امیدوار 16 فروری کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ 17 فروری کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی۔ کاغذاتِ نامزدگی کے خلاف اپیلیں 18 فروری کو دائر کی جا سکیں گی، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 19 فروری کو جاری کی جائے گی۔

انتخابات کے لیے پولنگ 28 فروری بروز ہفتہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔

انتخابی قواعد کے مطابق صدر ہائی کورٹ بار کے عہدے کے لیے پانچ لاکھ روپے فیس اور کم از کم 15 سالہ وکالت کا تجربہ لازم قرار دیا گیا ہے۔ نائب صدر کے لیے دو لاکھ روپے فیس اور 12 سالہ تجربہ درکار ہوگا۔ جنرل سیکرٹری کی نشست کے لیے تین لاکھ روپے فیس اور کم از کم 10 سالہ تجربہ لازمی ہوگا۔

اسی طرح لائبریری سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری کے لیے ایک، ایک لاکھ روپے فیس اور تین سالہ تجربہ شرط رکھی گئی ہے، جبکہ مجلسِ عاملہ کی سات نشستوں کے لیے 50 ہزار روپے فیس اور تین سالہ تجربہ مقرر کیا گیا ہے۔

ہائی کورٹ بار کے انتخابات کے لیے الیکشن بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، جس کے چیئرمین سابق صدر سید ریاض الحسن گیلانی ہوں گے۔ الیکشن بورڈ کے دیگر اراکین میں عبدالسلام علوی، اظہر حیات بلوچ اور سید فہیم عباس گردی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اپیلیٹ ٹریبونل بھی قائم کر دیا گیا ہے، جس کے اراکین میں سہیل اقبال بھٹی، محمد سلیمان بھٹی، مہر لیاقت علی چودھری، حامد مسعود اور شہزاد حیدر میتلا شامل ہیں۔

مزید برآں کوآرڈینیٹر کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جس میں چودھری رضوان اقبال، راؤ فیضان احمد، محمد کاشف رضا، صابر بھڈوال، شفقت حسین تھہیم اور مہر عزیز خان نیازی شامل ہیں۔

ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکرٹری صفدر سانہ سیال کو کوآرڈینیشن الیکشن بورڈ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ انتخابات کا شیڈول باضابطہ طور پر نافذ العمل کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں‌:ایمان مزاری، ہادی علی چٹھہ کیس نے نیا موڑ لے لیا، جانیں‌بڑی خبر

متعلقہ خبریں