اہم خبریں

اسلام آباد دھماکہ، خودکش بمبار کے گھر پر چھاپہ، 2 بھائیوں سمیت خاتون گرفتار

اسلام آباد (اے بی این نیوز) ترلائی میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کے گھر پر چھاپہ مارا ہے، جبکہ پشاور میں کارروائی کے دوران حملہ آور کے دو بھائیوں اور ایک خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق دھماکے کی جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا شناختی کارڈ ملا ہے، جس پر حملہ آور کی شناخت یاسر کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور گزشتہ پانچ ماہ سے افغانستان میں مقیم تھا، جہاں اس نے اسلحہ چلانے اور خودکش حملوں کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔

پولیس نے پشاور اور نوشہرہ میں خودکش بمبار کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ اور خدیجۃ الکبریٰ مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں 32 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

پمز ذرائع کے مطابق 105 زخمیوں اور 28 میتوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 27 لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں‌:وفاقی کابینہ نے بجلی کے یونٹس اور فکسڈ چارجز میں اہم اصلاحات کی منظوری دے دی

متعلقہ خبریں