راولپنڈی (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا ختم کرنے کے معاملے پر اپنے سینیٹر مشال یوسفزئی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خانم کا اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا ختم کرنے کا بیان جھوٹا ہے۔ مشال یوسفزئی کا یہ بیان لغو اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ جو بھی جھوٹ بولے گا اس کا احتساب ہوگا۔
سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ مشال یوسفزئی سے 8 فروری کے احتجاج کے بعد پوچھ گچھ کی جائے گی۔ عمران خان کی بہنیں اپنے بھائی کے لیے اخلاص کا ستون ہیں۔ کوئی جھوٹ بولے تو بانی پی ٹی آئی کا وفادار کیسے ہو سکتا ہے؟
سلمان اکرم راجہ نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور سہیل آفریدی کے درمیان کیا بات ہوئی یہ ابھی معلوم نہیں، سہیل آفریدی سے آج ملاقات ہوگی، وہ اپنے موقف پر قائم ہیں کہ ملنے والے 4 ارب آپریشن کے لیے نہیں۔
عمران خان کے کیسز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی کے تمام کیسز لڑے جا رہے ہیں، ایسے کیس بھی لڑے جا رہے ہیں جہاں انصاف کی امید نہ ہو۔
مشال یوسفزئی نے کیا بیان دیا؟
پی ٹی آئی کے سینیٹر مشال یوسفزئی نے نجی نیوز چینل کے ایک شو میں دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق خدشات کے باعث ہمارے اراکین اسمبلی نے اڈیالہ کے باہر دھرنا دیا۔
مشال یوسفزئی کے مطابق عمران خان کے اہل خانہ نے سلمان اکرم راجہ سے رابطہ کیا اور انہیں دھرنا ختم کرنے کی ہدایت کی۔ جب ہمیں اس بارے میں بتایا گیا تو اراکین اسمبلی نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ کے مطابق عمران خان نے انہیں پارٹی فیصلے کرنے کا اختیار دیا ہے۔ ہم نے ان کی بات مانی کیونکہ پارٹی ڈسپلن تھا۔ ہم چاہتے تو صبح تک بیٹھے رہتے۔ دھرنا ختم کرانے کی ذمہ داری سلمان اکرم راجہ پر عائد ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں:رجب بٹ اور ندیم نانی والا کے مداحوں کےلیے بڑی خبر















