ریاض (اے بی این نیوز) سعودی عرب نے غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ مقامی میڈیا ایس پی اے کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ریزیڈنسی، لیبر اور سرحدی قوانین کی مجموعی طور پر 19 ہزار 975 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اس دوران 14 ہزار 867 غیر قانونی تارکینِ وطن کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا گیا۔ 22 سے 28 جنوری 2026 کے درمیان 12 ہزار 906 رہائشی قوانین، 3 ہزار 918 بارڈر سیکیورٹی اور 3 ہزار 151 لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
حکام نے غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش پر 1,419 افراد کو گرفتار کیا، جن میں 60 فیصد ایتھوپیائی، 39 فیصد یمنی جبکہ ایک فیصد دیگر ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب سے پڑوسی ممالک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 48 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
حکام کے مطابق غیر قانونی سفر، رہائش، کام اور پناہ فراہم کرنے میں ملوث 11 افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں:ملتان سلطانز کی نیلامی پر بڑی پیشرفت سامنے آگئی















