اسلام آباد (اے بی این نیوز) سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے سردیوں میں بڑھتی ہوئی گیس کی طلب کے باعث صنعتی صارفین کو 48 گھنٹے کے لیے گیس کی سپلائی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ معطلی ہفتہ، 31 جنوری صبح 8 بجے سے شروع ہو کر پیر، 2 فروری صبح 8 بجے تک جاری رہے گی۔ اس دوران صنعتی صارفین بشمول کیپٹو پاور پلانٹس اور تمام سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی بند رہے گی تاکہ گھریلو اور کمرشل صارفین کو بہتر گیس پریشر فراہم کیا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی گھریلو صارف کو کم گیس پریشر کا سامنا ہو تو وہ 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن نمبر 1199 پر رابطہ کر کے شکایت درج کرا سکتے ہیں، جسے فوری طور پر حل کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، ایس ایس جی سی نے یاد دہانی کرائی کہ معمول کے مطابق، گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت گھریلو اور کمرشل صارفین کو ہر روز رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس کی سپلائی معطل رکھی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کے لیے بڑی خبر آگئی















