اہم خبریں

سی ایس ایس امتحانات کی تاریخ کا اعلان،نئی ہدایات جاری

اسلام آباد (اے بی این نیوز) فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے رواں سال سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے امتحان میں شرکت کے خواہشمند افراد کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ایف پی ایس سی نے پبلک نوٹس جاری کیا ہے جس کے مطابق سی ایس ایس 2026 کے تحریری امتحانات 4 فروری 2026 سے شروع ہوں گے۔تمام رجسٹرڈ امیدواروں کو نئی جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہو گا۔

پبلک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ امیدوار امتحان سے قبل اپنے قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ کی درستگی کی تصدیق کر لیں اور اگر اس کی میعاد ختم ہو گئی ہے تو وہ فوری طور پر اس کی تجدید کرائیں۔

ایف پی ایس سی نے واضح کیا کہ امتحانی ہال میں داخلے کے لیے میعاد ختم ہونے والے شناختی کارڈ یا پاسپورٹ قبول نہیں کیے جائیں گے اور ایسے امیدواروں کو امتحان میں شامل ہونے سے روک دیا جائے گا۔

نوٹس میں امیدواروں کو مزید مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ امتحان کے آغاز سے کم از کم 50 منٹ قبل اپنی مخصوص نشستوں پر پہنچ جائیں تاکہ شناختی عمل اور دیگر ضروری کاغذی کارروائی مکمل کی جا سکے۔ تاخیر سے آنے والوں کو امتحانی ہال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ایف پی ایس سی نے واضح کیا کہ امتحانی ہال میں کسی بھی اضافی مواد جیسے سٹینسل، اضافی کاغذات، نوٹ یا کوئی غیر متعلقہ اشیاء کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدواروں کو صرف وہی اشیاء لانے کی اجازت ہے جن کی پہلے جاری کردہ ہدایات میں منظوری دی گئی ہے۔

امیدواروں پر زور دیا گیا کہ وہ نہ صرف ان نئی ہدایات پر عمل کریں بلکہ اس سے قبل جاری کردہ تمام قواعد و ضوابط پر بھی عمل کریں۔ ان ہدایات کی کسی بھی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی ہو سکتی ہے جس میں امتحان سے نااہلی بھی شامل ہے۔
مزید پڑھیں :سلمان علی آغا کا بڑا کارنامہ، نیا سنگ میل عبور

متعلقہ خبریں