اہم خبریں

دوسرا ٹی20، پاکستان نے آسٹریلیا کو مات دیدی

لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان نے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف سات سال بعد ٹی20سیریز میں فتح ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ کپتان سلمان علی آغا نے 76، عثمان خان نے 53 اور صائم ایوب نے 23 رنز اسکور کیے جبکہ شاداب خان 28 رنز ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ریویئر بارٹلیٹ، میتھیو کنہائمن، شین ایبٹ، ایڈم زمپا اور کوپر کونولی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ مہمان ٹیم میں کیمیرون گرین 35 اور میتھیو شارٹ 27 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ سات بلے باز ڈبل فگر تک نہیں پہنچ سکے۔ پاکستانی اسپنرز نے آسٹریلیا کی تمام وکٹیں حاصل کیں؛ شاداب خان اور ابرار احمد نے 3-3، عثمان طارق نے 2 اور صائم ایوب و محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

فتح کے بعد پاکستان نے سیریز بھی جیت لی اور 0-2 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کی۔

ٹاس کے بعد لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان آج کا میچ نہیں کھیل رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 22 رنز سے جیتا تھا اور سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں‌:سانحہ بھاٹی گیٹ، ملزمان کے خلاف بڑا عدالتی فیصلہ سامنے آگیا

متعلقہ خبریں