اسلام آباد(اے بی این نیوز) اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سری نگر ہائی وے پر عارضی ٹریفک ڈائیورژن سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق دن کے اوقات میں صبح 11 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔ آئی ٹی پی کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت کے دوران ڈائیورژن نافذ رہے گا تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جا سکے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئی جے پی روڈ، ایران ایونیو، اسلام آباد ایکسپریس وے اور اندرون شہر سروس روڈز استعمال کریں۔ ٹریفک پولیس نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سفر کے لیے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت مختص کریں تاکہ رش اور مشکلات سے بچا جا سکے۔
آئی ٹی پی حکام کے مطابق ٹریفک پولیس کے اہلکار موقع پر موجود رہیں گے اور ڈائیورژن کے دوران ٹریفک کے مؤثر انتظام اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنائیں گے۔
مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے شہری ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:مرغی کی قیمت میں کمی کادعویٰ،فی کلوکتنی سستی ہوئی؟















