لاہور(اے بی این نیوز)پنجاب حکومت نےماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کےلیےبڑا فیصلہ کرتے ہوئےسرکاری محکموں میں پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق آئندہ سرکاری محکمے صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں ہی خرید سکیں گے، تاہم فیلڈ ڈیوٹی پر مامور گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی،نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی کا اعلان جلد متوقع ہے،اس کےساتھ ساتھ نئے پٹرول پمپس کے لیے این او سی کی منظوری کو بھی الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کےمطابق کسی بھی نئےپٹرول پمپ کو الیکٹرک چارجنگ یونٹ نصب کیے بغیرکام کرنےکی اجازت نہیں دی جائےگی،این او سی حاصل کرنےوالے 170 نئےپٹرول پمپس پر الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے۔
صوبے کے 31 شہروں میں ای بز پورٹل کے ذریعے 170 نئے پٹرول پمپس کے لیے این او سیز جاری کی گئی ہیں۔ فیصل آباد میں 29، لاہور میں 14، بہاولپور میں 10 جبکہ خانیوال اور بہاولنگر میں 9، 9 نئے پٹرول پمپس کو الیکٹرک چارجنگ سہولت فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
اسی طرح راولپنڈی اور جھنگ میں 8، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، قصور اور چنیوٹ میں 7، 7 نئے پٹرول پمپس کو الیکٹرک چارجنگ یونٹس لگانے کی شرط پر منظوری دی گئی ہے۔
حکومتی فیصلے کو ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ترکیے میں افغانیوں کے گرد گھیرا تنگ، 18افغان باشندے گرفتار کرکے ڈی پورٹ کردیے گئے















