اسلام آباد( اے بی این نیوز) مشہور ٹک ٹوکر اور یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں تاہم اس بار وجہ ان کا نیا ویڈیو مواد نہیں بلکہ ان کی ذاتی زندگی سے جڑا تنازعہ ہے جس کے بعد انہوں نے اپنا یوٹیوب چینل اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کر دیا ہے۔
حال ہی میں رجب بٹ کے خاندانی معاملات سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئے جہاں انہوں نے اپنی والدہ اور بہن کے حق میں کئی پوسٹس شیئر کیں اور ان کی اہلیہ کے ساتھ اختلافات سے متعلق کچھ نجی چیٹس بھی سامنے آئیں۔ ان پوسٹس کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور یہ معاملہ جلد ہی تنازع میں بدل گیا۔
قریبی ذرائع کے مطابق بڑھتی ہوئی تنقید اور ذاتی معاملات کے غیر ضروری پھیلاؤ کے باعث رجب بٹ نے نہ صرف انسٹاگرام بلکہ یوٹیوب اور ٹک ٹاک اکاؤنٹس کو بھی عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایک قریبی دوست نے تصدیق کی ہے کہ یہ اکاؤنٹس مستقل طور پر ڈیلیٹ نہیں کیے گئے تھے بلکہ خود رجب بٹ نے عارضی طور پر غیر فعال کیے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رجب بٹ نے ذہنی تناؤ سے بچنے اور حالات کو سنبھالنے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے اور امکان ہے کہ وہ جلد دوبارہ سوشل میڈیا پر ایکٹو ہو جائیں گے۔ اس فیصلے پر مداحوں میں تشویش بھی پائی جاتی ہے جب کہ کئی صارفین اسے دانشمندانہ بریک قرار دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:وزیر داخلہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو سخت انتباہ















