اہم خبریں

وزیر داخلہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو سخت انتباہ

کراچی (اے بی این نیوز) سندھ حکومت نے باغ جناح کی بجائے سڑک پر جلسہ کرنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔

سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے اے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو سڑک پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں، اگر کسی سڑک پر ریلی نکالی گئی تو حکومت سخت ایکشن لے گی۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ حکومت پی ٹی آئی کو جہاں جلسے کی اجازت دی ہے وہاں جلسے کی اجازت دے، ہم اب بھی پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، حکومتی رٹ کو چیلنج نہیں ہونے دیں گے۔

صوبائی حکومت نے پی ٹی آئی کو آج شام باغ جناح میں جلسے کی باضابطہ اجازت دے دی ہے تاہم سیاسی جماعت کا موقف ہے کہ این او سی ملنے میں تاخیر کی وجہ سے وہ جلسے کے انتظامات نہیں کر سکتی۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ اب ہم باغ جناح میں نہیں بلکہ مزار قائد کے گیٹ کے سامنے جلسہ کریں گے۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ ہم نے پرمٹ کے لیے شام 5 بجے تک انتظار کیا، الہ دین کا چراغ نہیں تاکہ رات کو جلسے کے انتظامات کر سکیں۔

پی ٹی آئی رہنما راجہ اظہر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں ابھی تک صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری این او سی موصول نہیں ہوا تاہم اس کی خبر میڈیا سے ملی ہے۔

راجہ اظہر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت این او سی کے ساتھ الہ دین کا چراغ بھی دے، اگر آج صبح تک اجازت دے دیتے تو ہم جلسے کے انتظامات مکمل کر چکے ہوتے، پی ٹی آئی مزار قائد کے عوامی دروازے پر پرامن جلسہ کرے گی۔
مزید پڑھیں‌:سہیل آفریدی کی وفاقی حکومت پر کڑی تنقید

متعلقہ خبریں